لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ آئین سے انحراف نہیں کیا جا سکتا، امید ہے حکومت بغاوت کے بجائے آئین پر عمل کرے گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اگر حکومت اپیل میں جائے گی تو ایک نئی صورتحال پیدا ہو گی، الیکشن کمیشن کو فوری طور پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت وسائل نہیں دے گی تو الیکشن کمیشن کو عدالت کو بتانا چاہیے، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب کو عدالت میں بلایا گیا تھا، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب نے کہا تھا آئین پرعمل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی الیکشن، این اے 54 سے اسد عمر تحریک انصاف کے امیدوار نامزد
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری بنیادی طور پر تیاری مکمل ہو گئی ہے، پیر، منگل سے پارٹی ٹکٹوں کا اعلان بھی شروع ہو جائے گا، ابھی تک عمران خان کو ڈاکٹرز کی طرف سے کلیئرنس نہیں ملی، ٹکٹوں کا اعلان مرحلہ وار کریں گے، پیر یا منگل کو پہلے مرحلے کا اعلان ہو جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ انٹرا کورٹ اپیل میں جاتے ہیں تو عدالت اسٹے نہیں دے گی، عدالتی فیصلے کے بعد اب الیکشن کا پراسس شروع ہو جائے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ اس فیصلے کو تحریک انصاف نہیں بلکہ پاکستان کے آئین اور جمہوریت کی کامیابی کہوں گا، ہمیں عدالت پر اعتماد ہے، مکمل یقین ہے عدالت کسی کو آئین سے انحراف نہیں کرنے دے گی۔