لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدلیہ سے انصاف کی امید تھی، عدلیہ نے آئین کی سربلندی قائم رکھی، فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب دیر نہیں کرنی چاہئے، الیکشن کمیشن فوری الیکشن شیڈول کا اعلان کرے۔
اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وکلا برادری آئین اور قانون کی بالادستی اور حکومت کے غیر آئینی اقدامات کیخلاف عمران خان کی جدوجہد میں ساتھ دے، عدلیہ ہی آئین کی بالادستی کیلئے قوم کی امید ہے، عدلیہ مقررہ آئینی وقت میں انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخی فیصلہ دے گی، سیاسی مخالفین کو لاپتہ کرنے کے واقعات کا بھی نوٹس لیا جائے۔
سینئر وکلا جہانگیر اے جھوجھہ ،اشتیاق اے خان اور رانا ذوالفقار سے ملاقات۔ ملاقات میں سابق صوبائی وزرا راجہ بشارت اور میاں محمود الرشید بھی شریک۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کو لاپتہ کرنے۔ غیر آئینی اقدامات اور غیر قانونی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار۔ pic.twitter.com/V69rlPsPcR
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) February 10, 2023
چودھری پرویزالہٰی کا مزید کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ الیکشن کروانے کی بجائے متعصب آفیسرز کی تقرریوں اور انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، پی ڈی ایم قیادت کو الیکشن میں اپنی شکست نظر آرہی ہے، شکست کے خوف سے الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کی طرف بڑھا جا رہا ہے، پی ڈی ایم کی قیادت کا سارا فوکس صرف وزراء بنانے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے وسائل عوام کو ریلیف دینے کی بجائے وزرا پر لٹائے جا رہے ہیں، سیاسی مخالفین کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جا رہا ہے، وزیر خزانہ مزید 170 ارب کے ٹیکسز کا بوجھ عوام پر ڈالنے کا اعلان کر رہے ہیں، حکمرانوں کے اعصاب پر عمران خان سوار ہیں، ان کی مقبولیت کے باعث حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔