کراچی: قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں 163 کاغذات نامزدگی درست قرار، 21 کی پڑتال باقی

Published On 11 February,2023 09:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے مجموعی طور پر 163 کاغذات نامزدگی فارم درست قرار دے دئیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 21 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال باقی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار سمیت 7 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال پر پیر تک فیصلہ محفوظ کیا گیا، این اے 241 کورنگی میں 22 امیدواروں کے کاغذات درست قرار جبکہ 2 امیدواروں کے کاغذات پر پیر تک فیصلہ محفوظ کیا گیا۔

این اے 247 جنوبی میں 9 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیئے گئے جبکہ 15 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال باقی ہے، این اے 242 ایسٹ کے تمام 19 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دے دیئے گئے۔

کراچی کے حلقہ این اے 243 ایسٹ کے 15 امیدواروں کے کاغذات درست قرار جبکہ 2 امیدواروں کے کاغذات پر فیصلہ پیر تک محفوظ کیا گیا۔

این اے 244 ایسٹ کے تمام 18 امیدواروں کے 19 کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے گئے، اس کے علاوہ این اے 250 کے بھی تمام 19 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دے دیئے گئے۔