ملتان: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے باہر ہنگامہ آرائی مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف اور اور مسلم لیگ ن کے تمام کارکنوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے رہا کرتے ہوئے مقدمہ خارج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
الیکشن کمیشن کے باہر ہنگامہ آرائی کے کیس میں پولیس نے توڑ پھوڑ کرنے پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے دو سابق ایم این ایز سمیت درجن بھر کارکنوں کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی مدعیت میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا تو فاضل جج نے دہشت گردی کی دفعات ختم کرتے ہوئے مقدمہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو بھجوا دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مرضیہ علی کی عدالت میں دونوں پارٹیوں کی جانب سے صرف ن لیگ کے وکیل نے ہی دلائل دیئے جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی جانب سے مقدمے میں ناکافی شہادتوں کی بنیاد پر ہنگامہ آرائی کیس میں ملوث پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر، رہنما ن لیگ طارق رشید، ملک انور سمیت تمام کارکنوں کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے مقدمے کے تمام ملزموں کو باعزت بری کر دیا۔
واضح رہے کہ پولیس نے ایک روز پہلے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے توڑ پھوڑ کرنے پر پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے عامر ڈوگر اور ن لیگ کے سابق ایم این اے شیخ طارق ریشد کو درجن بھر کارکنوں کیساتھ گرفتار کیا تھا، تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے تحریری فیصلے میں ایف آئی آر بھی خارج کرنے کا حکم دے دیا۔