ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا موجودہ حکومت ملک کو ان 9 مہینوں میں دیوالیہ، کنگال کر چکی ہے۔
اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مریم بی بی سے پوچھتا ہوں کہ نوازشریف کا بیانیہ دفن کرنے والا بیان عامر ڈوگر نے دیا ہے یا کیپٹن (ر) صفدر نے؟، یہ بیان آپ کے شوہر نامدار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بتائیے ورکر کنونشن میں سعد رفیق کا چہرہ مرجھایا ہوا کیوں دکھائی دے رہا ہے، شاہد خاقان عباسی پارٹی کی نائب صدارت کیوں چھوڑ رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو را مٹیریل دستیاب نہیں ہے، ان کے پاس ایل سیز کھولنے کیلئے فارن ایکسچینج موجود نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب 9 اپریل کو تحریک انصاف کی حکومت تھی تو اس وقت ایک ڈالر کی قیمت 178 روپے تھی، آج انٹر بینک میں ایک ڈالر 276 روپے کا ہو گیا ہے، 100 روپے اضافے کے بعد بھی ڈالر مارکیٹ میں دستیاب نہیں، جب روپے کی قدر اس درجہ گر جائے گی تو مہنگائی کا طوفان تو آئے گا۔