الیکشن کا بگل بج چکا، عوام امپورٹڈ ٹولے سے بدلے کیلئے تیار ہیں: مسرت جمشید

Published On 13 February,2023 11:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا ملک سے اعتبار اٹھ گیا، پاکستان کیساتھ اس ظلم عظیم کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی، پنجاب میں الیکشن کا بگل بج چکا ہے، عوام الیکشن کے ذریعے امپورٹڈ ٹولے سے بدلہ لینے کیلئے بیتاب ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کو ایک شخص نے اپنے تجربات کے لیے استعمال کیا جس کا نتیجہ قوم کے سامنے ہے، تجربے کا نتیجہ یہ نکلا آج ایٹمی ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر صرف 2.9 ارب ڈالر پر ہیں، صنعتیں بند ہوچکی ہیں، عوام آٹے کیلئے جانیں دے رہے ہیں، مہنگائی کے باعث لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا ملک سے اعتبار اٹھ گیا ہے، پاکستان کیساتھ اس ظلم عظیم کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی، 13 جماعتی اتحاد بظاہر مسیحا بن کر آیا لیکن حقیقت میں اژدھا ثابت ہوا جو آہستہ آہستہ ملک و قوم کو نگل رہا ہے، جیسا مرضی لبادہ اوڑھ لیں رجیم چینج آپریشن کے کردار عوام کے ذہنوں پر نقش ہو چکے ہیں، امپورٹڈ ٹولے نے قومی خزانہ خالی کرنے کے بعد منی بجٹ کے ذریعے عوام کی جیبوں پر نظریں گاڑھ لی ہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ شوکت ترین کی گرفتاری اس لئے ضروری ہے کیونکہ انہوں نے معیشت کو تنزلی سے نکالنے میں کردار ادا کیا، مفرور شریف اب کبھی واپس نہیں آئیں گے، مریم نواز کو صرف کارکنوں کو   لارے    دینے کیلئے بھیجا گیا، جابر حکمرانوں کے مظالم کے باوجود عمران خان کی مقبولیت ہر دن بڑھتی جا رہی ہے۔