لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر بہت بڑی غلطی کر رہے ہیں، آئین سے انحراف کر کے پچھتائیں گے، آئین سے انحراف کیا تو کبھی نہ کبھی قانون کی گرفت میں آنا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک سیاسی فریق ہے، وہ ایک غیر جانبدار ادارے کے طور پر کام نہیں کر رہا، ہم نےالیکشن کمیشن پر جو تنقید کی ہے اس پر آج بھی کھڑے ہیں، انہوں نے پاکستان میں سیاسی بحران پیدا کیا، سیاسی بحران کی وجہ سے معاشی بحران پیدا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار باہر بیٹھ کر مفتاح اسماعیل کی ٹانگیں کھینچ رہے تھے، اسحاق ڈار نے کہا مفتاح اسماعیل آئی ایف ایم سے ٹھیک بات نہیں کر رہے تھے، اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ پہلے سے تھا تو مذاکرات کس چیز کے ہو رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن تاخیر کرکے توہین عدالت کا مرتکب ہو رہا ہے، اسد عمر
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی بات میں سچائی تھی، دنیا عمران خان کی بات مانتی تھی، 3 ارب ڈالر چین سے ملے، کوئی بڑا بحران پیدا نہیں ہوا، مہنگائی 10 فیصد سے بھی کم پر رہی، مہنگائی آج 34 فیصد پر پہنچی ہوئی ہے، اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر ہیں، یہ بدترین مہنگائی لے کر آئے، ہزاروں کاروبار بند اور لاکھوں لوگ بیروزگار ہوئے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک سازش کے تحت حکومت بدلی گئی، سازش بے نقاب ہوگئی، بند کمرے کی سازشیں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کریں گی، اس وقت عدلیہ پر حملہ شروع ہوچکا ہے، آئین توڑنے میں عدلیہ ان کے ساتھ شریک نہیں، عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔