جنگوں میں بھی ملکی معیشت اتنی خراب نہیں ہوئی جتنی آج ہے: حماد اظہر

Published On 16 February,2023 10:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ جنگوں میں بھی پاکستان کی معیشت اتنی خراب نہیں ہوئی جتنی آج ہے۔

ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، جب پٹرول عالمی منڈی میں 113 ڈالر پر تھا تو پاکستان میں پٹرول کی قیمت 150 روپے تھی، آج عالمی منڈی میں پٹرول 80 ڈالر پر ہے اور پاکستان میں 272 روپے قیمت ہو گئی، 9 ماہ اور خاص طور پر 30 دن میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 90 روپے قدر کھو بیٹھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی غلط پالیسیاں ہیں، پہلے مفتاح اسماعیل پھر اسحاق ڈار نے معاشی بحران کی بنیاد رکھی، یہ لوگ عوام میں سے منتخب نہیں ہوئے اس لیے ان کو عوام کی کیا فکر، ہمارے دور میں پٹرول کی قیمت 4 روپے بڑھانی تھی تو کابینہ میں ایک گھنٹہ بحث ہوئی، یہ ایک جھٹکے میں 20،30 روپے بڑھا دیتے ہیں ان کو کوئی پرواہ نہیں۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ معیشت چل نہیں رہی اور ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا ہے، ان کا ردعمل یہ ہے کہ اعظم سواتی، شوکت ترین اور عمران خان کو گرفتار کرلو آڈیو نکال لو، ویڈیو نکال لو، ان کو نہ سیاست کی سمجھ ہے نہ معیشت اور نہ تاریخ کا علم ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اس لیے کیا گیا کہ انہوں نے ڈالر انڈیکس معاہدے کیے تھے۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ جنگوں میں بھی پاکستان کی معیشت اتنی خراب نہیں ہوئی جتنی آج ہے، اسحاق ڈار نے جو امپورٹ بند کی ابھی تو اس کے بھی اثرات آنے ہیں، ہر چیز انہوں نے عوام کی پہنچ سے دور کردی اور ان کے فلسفے سنیں۔
 

Advertisement