لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے عمران خان کو کل صبح 9 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دے دی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے حفاظتی ضمانت کیلئے عمران خان کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ درخواست گزار کو ساتھ لے آئیں، ہم قانون کے مطابق چلنا چاہتے ہیں، انہیں سٹریچر یا ایمبولینس پر ہی لے آئیں ہم 8 بجے تک بیٹھے آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔
دوران سماعت معزز جج نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ رات دیر تک عدالتیں کھولنے پر آپ لوگوں کو اعتراض ہوتا ہے، عدالت میں آپ کا پابند نہیں ہوں جو رات بارہ بجے تک انتظار کروں گا، عدالت نے عمران خان کو کل صبح 9 بجے پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان سابق وزیراعظم اور قانون پر عملدرآمد کرنے والے شہری ہیں، وہ اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں خود کو سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے فریش عبوری ضمانت کی درخواست دائر کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کردی
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عمران خان کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے، عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے موجودہ کیس میں نامزد کیا گیا ہے، عمران خان کوئی ریکارڈ یافتہ نہیں ہیں موجودہ کیس میں شامل تفتیش ہونے کیلئے تیار ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے میڈیکل گراؤنڈ پر حاضری سے استثنی نہیں دیا، عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے، خصوصی عدالت میں دوبارہ درخواست ضمانت دائر کرنی ہے، لاہور ہائیکورٹ متعلقہ عدالت میں سرنڈر کرنے کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرے۔