کراچی: مقامی ہوٹل میں سابق صدر مشرف کی یاد میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد

Published On 16 February,2023 09:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مقامی ہوٹل میں جنرل (ر) پرویز مشرف کی یاد میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر نے تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف انتہائی مخلص انسان تھے وہ پاکستانی عورتوں کو مین اسٹریم میں لانا چاہتے تھے، میرا کبھی آرمی کے ساتھ کوئی کنکشن نہیں رہا، مشرف نے مجھ سے میٹنگ کی اور کہا کہ وہ عورتوں کو آگے لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ پرویزمشرف نے مجھ سے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو سٹیٹ بینک میں شامل کیوں نہیں کرتے؟ پاکستان انسٹی ٹیوشن میں کام کرنا انتہائی مشکل کام ہے، میں نے مشرف صاحب سے کہا تھا اگر کوئی میرے متعلق شکایت نہ کرے تو مجھے نکال دیجیئے گا۔

سابق گورنر معین الدین حیدر نے کہا کہ مجھے خوشی ہے بزنس کمیونٹی نے مشرف صاحب کے اعزاز میں یہ پروگرام رکھا، پرویز مشرف سے میرا تعلق 1961 سے تھا اور یہ تعلق ساری عمر قائم رہا، میں نے ان کے ساتھ وزیر داخلہ کے طور پر کام کیا، ہم نے پاکستان کو گرداب میں بھی دیکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر مشرف نے اقتدار لے کر پاکستان کو آگے لے جانے کا تہیہ کیا، بنیادی تبدیلی کیلئے مقامی حکومتوں کے قیام کیلئے انہوں نے بہت محنت کی، ان کے دور میں ہم آئی ایم ایف کے چنگل سے نکل آئے تھے، بزنس کے بارے میں انکی دلچسپی بہت زیادہ تھی۔
 

Advertisement