اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ بطور آئینی ادارہ اپنا کام آئین اور قانون کے مطابق خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں، الیکشن کمیشن اس کے علاوہ کوئی اور کام نہیں کر رہا ہے اور نہ ہی کسی سے ڈائریکشن لے رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مینڈیٹ کے مطابق مکمل غیر جانبدارانہ، بلا خوف و خطر اور آزادانہ طور پر انجام دیتا ہے۔
الیکشن کمیشن روزانہ کی بنیاد پر چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے تشکیل کردہ بنچوں کے ذریعے اب تک سینکڑوں پٹیشنز کا فیصلہ کر چکا ہے، کمیشن نے پچھلے عرصے میں درج ذیل کام سرانجام دیے:
مدت ختم ہونے کے بعد سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کا کامیاب انعقاد کیا۔
سینیٹ کے 5، نیشنل اسمبلی کے 19 اور صوبائی اسمبلیوں کے 40 حلقہ جات پر ضمنی انتخابات کا پرامن انعقاد یقینی بنایا۔
الیکشن کمیشن اب بھی 65 نیشنل اسمبلی کے حلقہ جات پر انتخابات کروا رہا ہے، پورے ملک میں2021-22 میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کا انعقاد با احسن طریقے سے مکمل کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے 2022ء میں بلوچستان اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کو شدید مشکلات کے باوجود یقینی بنایا، عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا کام کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
انتخابی فہرستوں کو نئے سرے سے مرتب کرنا بہت بڑا کام تھا، الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر ملک بھر میں نظر ثانی کرکے 7 اکتوبر 2022ء کو شائع کر دیں، انتخابی فہرستیں آئندہ عام انتخابات کیلئے اپ ڈیٹ کی گئیں۔