لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
جسٹس جواد حسن نے عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کہ اظہر صاحب آپ کی درخواست اتنی جلدی لگ کیسے جاتی ہے؟ آپ کو اتنی جلدی کیا ہے، کیا آپ کو عدالتوں پر اعتماد نہیں ہے؟، عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن اور گورنر کے وکیل کہاں ہیں؟ کیا الیکشن کمیشن نے کوئی اپیل دائر کی ہے؟
جسٹس جواد حسن نے کہا کہ عدالت نے اپنا کام کردیا ہے، اب عدالت انتظار کر رہی ہے وہ کیا کر رہے ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے پریس ریلیز جاری کی ہے، گورنر نے تاریخ دینے سے انکار کیا ہے۔
جسٹس جواد حسن نے کہا کہ عدالت پریس ریلیزوں کو نہیں مانتی، الیکشن کمیشن کے پاس اپیل کے لیے 20 روز ہیں، آپ انتظار کریں۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے آج 11 بجے اجلاس طلب کر رکھا ہے، الیکشن کمیشن نے عدالتی ہدایت کے مطابق گورنر سے مشاورت کی۔
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو اب تک کی پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔