لاہور : (دنیانیوز) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئینی طور پر عارف علوی انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار رکھتے ہیں ، صدر مملکت کل الیکشن کی تاریخ دیں یا استعفیٰ دیں۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور عمران خان سے ملاقات کرنے آیا ہوں، یہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اگر عمران خان چاہے گا تو 22تاریخ کو پہلی گرفتاری میں دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو بحران میں دھکیل کر عزت نہیں کمائی، صوبوں اور مرکز میں انتخابات اکٹھے ہوں گے ، ملکی سیاست کا فیصلہ 30اپریل تک ہوجائے گا، 30اپریل سے پہلے اس ملک میں کوئی بڑا حادثہ ہوگیا تو مجھے ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے، میں چوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ نہیں کھڑا ہوا، یہ مجھے کراچی لے جانا چاہتے ہیں، میں ارشد شریف نہیں شیخ رشید ہوں۔
یہ بھی پڑھیں :الیکشن 90 دن سے آگے لے جانیوالا غدار، آرٹیکل 6 لگے گا، شیخ رشید
شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے کہا یہ میری حکومت نہیں، جرات کریں اور بتائیں یہ آپ کی نہیں تو پھر کس کی حکومت ہے؟ ان کو 5روپے دینے کیلئے کوئی تیار نہیں، یہ زبردستی ترکی جاتے ہیں، آئی ایم ایف ان سے مطمئن نہیں ، اُن کو پتہ ہے یہ چور ہیں، جہاں مرضی لے جاؤ میں تمہاری سیاست کو نیست ونابود کردوں گا۔
یہ بھی پڑھیں :الیکشن کی تاریخ کے بہانے بنا کر آئین سے کھلواڑ کیا جارہا ہے: صدر عارف علوی
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے اداروں کا امیج بہتر چاہتا ہوں، آدھا سامان میں جیل چھوڑ آیا ہوں، سپاہیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے دو کمبل دیئے، میرے ساتھ جو 16دن ہوا ،میں معاف کرتا ہوں، پاکستان کو اللہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے۔