اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سے دہشتگردی کی دفعات خارج کر دیں۔
انسداددہشتگردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں دہشتگردی کی دفعات کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سے دہشتگردی کی دفعات خارج کر دیں، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے فیصلہ سنایا۔
عمران خان کے شریک ملزم نے دہشت گردی کی دفعات خارج کرنے کی درخواست دائر کی تھی جبکہ عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ و انتظار حسین پنجوتھہ ایڈوکیٹ نے درخواست دی تھی۔
اے ٹی سی نے دہشتگردی کی دفعات نکال کر کیس سیشن کورٹ کو بھیج دیا۔
یاد رہے کہ 2014 میں پی ٹی آئی کے دھرنے میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے کے مقدمات درج کئے گئے تھے، جس میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔