اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کیخلاف تھانہ آبپارہ اسلام آباد میں درج مقدمے کے چالان کی کاپی دنیا نیوز کو موصول ہوگئی۔
سابق صدر آصف علی زرداری پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف قتل کی مبینہ سازش کے الزام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کیخلاف تھانہ آبپارہ اسلام آباد میں درج مقدمے کے چالان کی کاپی مل گئی ہے۔
پولیس نے شیخ رشید کیخلاف چالان میں سات گواہان کے بیانات شامل کئے ہیں، چالان میں درج تمام گواہان تھانہ آبپارہ میں مختلف عہدوں پر تعینات ہیں۔
گواہان میں کانسٹیبل فضل عباس، اے ایس آئی وسیم حیدر اور کانسٹیبل عثمان ظہور، کانسٹیبل نصر اللہ ، کانسٹیبل محمد رشید اور محرر مالخانہ قاسم جان کا بیان چالان میں شامل کیا گیا، تھانہ آبپارہ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل محمد اختر کا بیان بھی چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔
چالان کے مطابق گواہان نے کہا کہ گرفتاری کیلئے ملزم کی رہائش گاہ پہنچے تو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، ملزم اپنے ملازمین کیساتھ اسلحہ لیکر کر گھر سے باہر آیا اور گالیاں بھی دیں، گرفتاری کے دوران مزاحمت کی گئی ، ایک کانسٹیبل کی جرسی بھی پھاڑ دی گئی۔
چالان میں وائس میچنگ ٹیسٹ کیلئے نمونے لینے اور رپورٹ وصول کرنیوالے ملازمین کے بیان بھی شامل ہیں، ایف آئی اے سے موصول وائس میچنگ رپورٹ 6 صفحات پر مشتمل ہے، تمام گواہان نے تفتیشی افسر انسپکٹر عاشق شاہ کو بیانات قلمبند کرائے۔