اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے، ڈیجیٹل مردم شماری کا کریڈٹ احسن اقبال کے ساتھ ساتھ اسد عمر کو جاتا ہے۔
اسلام آباد میں خودشماری پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا مردم شماری منصفانہ اور آزادانہ ہو، اس بار مردم شماری میں وزارت آئی ٹی بھی کردار ادا کر رہی ہے، ہم نے 44 وزارتوں اور کابینہ کو ڈیجیٹلائز کیا، اب ہمارا ٹارگٹ ڈیجیٹل مردم شماری ہے جس میں ہم کامیاب ہوں گے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ سیاسی نظریوں سے بالاتر ہو کر ہم نے مردم شماری کرنی ہے، اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے تو اسکی بنیاد شفاف مردم شماری سے ہی ممکن ہے، پوری دنیا میں ڈیجیٹلائزیشن بڑھ رہی ہے، ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ہم نے 3 سال میں 56 ارب کے 70 نئے منصوبے شروع کیے۔
اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ دیوانے جب خواب دیکھتے ہیں تو ان کو پورا کرنا بھی چیلنج ہوتا ہے، نادرا کو جب یہ پروجیکٹ ملا تو ہمارے پاس ٹائم کم تھا، اس پروجیکٹ کو شروع کرنا عوام کیلئے بہت اہم ہے، ڈیجٹیل مردم شماری معیشت اور جمہوریت کیلئے بہت اہم ہے، پورٹل پر نادرا نے بہت محنت سے اور ملکر کام کیا ہے۔