ایم کیو ایم پاکستان کا کراچی کی موجودہ حلقہ بندیوں کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان

Published On 05 February,2023 10:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں حلقہ بندیوں کیخلاف 12 فروری کو دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اب گھروں سے باہر نکل کر اپنا حق چھین کر واپس لینا ہے ایک ہفتے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو الٹی میٹم دے رہے ہیں، آپ نے تسلیم کیا تھا کہ 53 یوسیز میں غلطی ہو گئی ہم نے آپ سے کہا تھا ہم الیکشن نہیں لڑیں گے تو وہ الیکشن تسلیم ہی نہیں ہوں گے، کراچی کا ایوان اگلے اتوار سے فوارہ چوک پر لگے گا، وہیں فیصلہ ہو گا کون ایم این اے اور کون مئیر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نازک موڑ پر ہے اور کوئی فیصلہ کرنے والا نہیں: خالد مقبول صدیقی

انہوں نے کہا کہ کراچی کے بیٹے، مائیں، بہنیں شہر کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، شہر کی ساری سڑکیں فوارہ چوک کی جانب رواں دواں ہوں گی، آج سے بہادر آباد کا دفتر فوارہ چوک پر ہوگا وہیں سے تنظیم کا نظام چلے گا، یہ شہر ہمارا ہے جہاں سے چاہیں گے وہیں سے چلے گا یہ دھرنا ایسا ہوگا کہ سب دھرا کا دھرا رہ جائے گا، 16 مارچ کو الیکشن اور 18 مارچ کو کراچی واپس کراچی والوں کے پاس ہوگا۔