مسلم لیگ (ن) کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی: حماد اظہر

Published On 21 February,2023 07:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ تیرہ جماعتوں کے سرکس کے پاس ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ فنانس بل آئین اور قانون کے خلاف پاس کیا گیا، فنانس بل پر 66 ممبران کے بجائے 61 ممبران ایوان میں موجود تھے، اسحاق ڈار نے معیشت کو یہاں تک پہنچا دیا، روز مرہ کے اخراجات پورے نہیں ہو رہے، آئی ایم ایف ڈیل سے سب کچھ ٹھیک نہیں ہو گا، ملک کے اندر صنعتیں بند اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، موجودہ حکومت کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں۔

انہوں نے کہا عوام مہنگائی تلے دب رہی ہے، لوگ بجلی کے بل دیں یا بچوں کی فیسیں؟، والدین پٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے پیدل بچوں کو سکول چھوڑنے جاتے ہیں، ملک میں کوئی زلزلہ یا وبا نہیں آئی، صرف پی ڈی ایم آئی ہے، استحکام کا واحد حل صرف الیکشن ہے، یہ گھوڑا ہے اور میدان میں آکر مقابلہ کریں، اسحاق ڈار، مفتاح اسماعیل دونوں بڑی غلطیاں ہیں، مسلم لیگ (ن) کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی۔