وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

Published On 22 February,2023 03:56 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں 3 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے ملک میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر رپورٹ پیش کی جائے گی، ایجنڈا کے مطابق توشہ خانہ پر بین الوزارتی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

انسانی بنیادوں پر افغانستان کو 50 ہزار میٹرک ٹن گندم اور جان بچانے والی ادویات کی واہگہ اٹاری بارڈر کے ذریعے ترسیل بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں توانائی بچت پلان پر عمل درآمد بارے وفاقی کابینہ کو متعلقہ ڈویژن کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔ 

Advertisement