کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ، دھرنے اور تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں، اب جیل بھرو تحریک کا شوق بھی پورا کر لیں۔
پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کیا عمران خان نے لاہور میں خود گرفتاری پیش کر دی، ڈرپوک عمران خان عدالتوں میں ضمانتوں کیلئے درخواستیں دائر کر رہا ہے، قوم کے نوجوانوں کو سلاخوں کے پیچھے بھیج کر ملک کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انتشار خان اپنے معمولی سیاسی عزائم کیلئے ملک میں بے یقینی کی صورتحال برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ان کے بچے لندن میں سیر سپاٹے جبکہ قوم کے بچے ملک کے حالات خراب کرنے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں، عمران خان بلیک میلنگ کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔