اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف جوڈیشل ریفرنس کی نقول سپریم جوڈیشل کونسل کے باقی4 ممبران کو بھی ارسال کر دی گئیں۔
میاں داﺅد ایڈووکیٹ نے ریفرنس کی نقول بذریعہ درخواست ارسال کیں، سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران کو ریفرنس کی نقول برائے اطلاع ارسال کی گئیں۔
میاں داﺅد ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ معزز جج کیخلاف ریفرنس 23 فروری کو بذریعہ پوسٹ دائر کیا، سیکرٹری جوڈیشل کونسل کسی بھی ریفرنس کی نقول متعلقہ ممبران کو فراہم کرے، معلوم ہوا ہے ابھی تک ریفرنس کی نقول تمام ممبران کو فراہم نہیں کیں ۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل 5 ممبران پر مشتمل ہے، باقی ممبران میں سپریم کورٹ کے جسٹس فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشید خان شامل ہیں۔
میاں داؤد ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ جوڈیشل ریفرنس میں جسٹس مظاہر نقوی اور ان کی فیملی کے اثاثوں میں غیر قانونی اضافے کی بابت معلومات فراہم کی ہیں۔