شازیہ مری سے اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی کے نمائندہ ڈاکٹر لائے شبانے کی ملاقات

Published On 28 February,2023 04:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شازیہ مری سے اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی کے نمائندہ ڈاکٹر لائے شبانے نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے بتایا کہ بی آئی ایس پی 90 لاکھ خاندانوں کی مالی معاونت کر رہا ہے، 28 ہزار سالانہ کی مالی امداد سہ ماہی اقساط کی صورت میں دی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرانے کیسز کھلیں گے، عمران خان جیل بھی جائیں گے، منظور وسان

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے سہ ماہی قسط 7 ہزار سے بڑھا کر 9 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ غربت زدہ خاندانوں کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے مستحق حاملہ خواتین، بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو بھی مدد فراہم کی جاتی ہے، دو سال کی عمر کے بچوں کو معیاری خوراک کے ساشے مہیا کیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے ملکی بہتری کیلئے کام نہیں کیا، خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں: بلاول بھٹو

شازیہ مری نے کہا کہ اس کے علاوہ 70 لاکھ مستحق بچوں کو بینظیر تعلیمی وظائف بھی دئیے جاتے ہیں، تعلیمی وظائف سے سکولوں میں داخلے بڑھے ہیں اور ڈراپ آؤٹ میں کمی آئی ہے۔