لاہور: پانچ روزہ سالانہ بین الاقوامی کتاب میلے کا آج سے آغاز

Published On 01 March,2023 02:21 pm

لاہور : (ویب ڈیسک ) لاہور کے ایکسپو سنٹر میں آج سے سالانہ بین الاقوامی کتاب میلے (Lahore International Book Fair) کا آغاز ہوگیا جوکہ 5 فروری تک جاری رہے گا ۔

لاہور ہمیشہ سے ہی ملک میں ادبی، تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز رہاہے ، سال کے آغاز سے ہی جہاں کئی ادبی و ثقافتی میلوں نے شہریوں کی توجہ مبذول کیے رکھی وہیں انٹرنیشنل بک فیسٹیول بھی خطے میں ادبی ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

لاہور ایکسپو سینٹر میں 36 ویں سالانہ بین الاقوامی کتاب میلے کا افتتاح چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے کیا ، کتاب میلے میں تقریباً 165 مقامی اور غیر ملکی پبلشرز اور تعلیم سے متعلق تنظیموں نے سٹالز لگائے ہیں، جن میں اسلام، تاریخ،کمپیوٹر اور انجینئرنگ ، ادب قانون سمیت دیگر موضوعات کی کتابیں رکھی گئیں ہیں ۔

 

کتاب میلے میں مشرق وسطیٰ، برطانیہ، امریکہ اور بھارت کے غیر ملکی پبلشرز شرکت کررہے ہیں ، یہ میلہ نہ صرف مصنفین، پبلشرز، اورعلم دوست افراد کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے بلکہ نئی نسل میں پڑھنے لکھنے کے رجحان کو فروغ دینے میں مدد بھی کرتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :علم وادب سے بھرپور لاہور لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر

کتابوں سے محبت اوردوستی رکھنے والے ہر عمر اور شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں ایکسپو سنٹر کا رخ کررہے ہیں ، میلے میں صرف کتابیں ہی نہیں بچوں اور بڑوں کیلئے تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔