اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں میں نوجوانوں کو 6 ماہ سے ایک سال کی انٹرن شپ دی جائے گی ۔
پرائم منسٹر بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 40 ہزار نوجوانوں کو نجی اور سرکاری اداروں میں انٹرن شپ کے مواقع دئیے جائیں گے، انٹرن شپ کے ذریعے نوجوان پیشہ وارانہ تجربات اور مارکیٹ سکلز حاصل کر پائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے سردار رمیش سنگھ اروڑہ کو اعزازی سفیر مقرر کر دیا
انہوں نے کہا کہ حکومت کے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں میں تعلیم یافتہ نوجوان متعلقہ شعبوں میں عملی تجربہ حاصل کر کے روزگار کے بہتر مواقع سے مستفید ہوں گے، ہر نوجوان کو 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نےسخت مالی بحران کے باوجود نوجوانوں کو تربیت دینے کے لئے پروگرام شروع کیا، نجی و سرکاری اداروں کو گریجویٹس ورک فورس دستیاب ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرے گی، فیصلے میں اختلاف رائے ہے، رانا ثنا
وفاقی وزیر نے کہا کہ انجینئرز اور دیگر تکنیکی علوم رکھنے والے طلباء کے پاس مارکیٹ کی سکلز کی کمی ہے، یہ انٹرن شپ پروگرام انہیں مطلوبہ فنی مہارت فراہم کرنے کا ذریعہ ہوں گے، ادارے یقینی بنائیں کہ ان انٹرنیز کو تربیت فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔