سپریم کورٹ کے فیصلے میں ابہام نہیں، اس کو ماننا ہی پڑے گا: اعتزاز احسن

Published On 01 March,2023 10:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا، گروپ اے اور گروپ بی کے ججز بنا دیئے گئے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ 3 ججز کا فیصلہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے، فیصلے میں کوئی ابہام نہیں، وزیر قانون، وزیر داخلہ، اٹارنی جنرل نئی اختراع نکال رہے ہیں، وزیر قانون، وزیر داخلہ، اٹارنی جنرل کی اختراع بالکل غلط ہے۔

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ دو فاضل ججز نے تو بحث سنی ہی نہیں، وزیر قانون، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ توہین عدالت کر رہے ہیں، یہ نیا بنچ بنا تھا 5 رکنی ججز کا، سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننا پڑے گا، اگر یہ فیصلے کو نہیں مانیں گے تو توہین عدالت ہو گی، ایک ویکیوم کریٹ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا دونوں صوبوں کی نمائندگی نہیں ہے، دونوں صوبوں کو غیر آئینی طریقے سے نہیں چلایا جا سکتا، وزیر قانون، وزیر داخلہ، اٹارنی جنرل کو سوچنا چاہیے، مجھے خوشی ہوتی اگر پانچ ججز اکٹھے فیصلے کرتے، 90 دن کے اندر الیکشن ہو گا ورنہ ہر چیز غیر قانونی ہو جائے گی۔