اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نشانات کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی درخواست مسترد کر دی۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ نواز (ن) کی 4 انتخابی نشان تبدیل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے کہا کہ ریچھ، بکری، ہرن، گائے سمیت 4 انتخابی نشان شیر کے نشان سے مماثلت رکھتے ہیں، ہمارے ووٹرز کو الیکشن کے دن مشکلات کا سامنا ہوگا۔
ن لیگی درخواست گزار نے کمیشن سے استدعا کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ چاروں نشان انتخابی نشانات کی فہرست سے نکالے جائیں، تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ن لیگ کی استدعا مسترد کردی گئی۔
الیکشن کمیشن کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ چاروں انتخابی نشانات فہرست سے نہیں نکالے جا رہے، مسلم لیگ ن کے انتخابی نشانات پر اعتراضات جائز نہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ چاروں جانور نظر آنے میں واضح طور پر مختلف ہیں، الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ نواز کے اعتراضات نامناسب سمجھتے ہوئے مسترد کر دیئے۔