اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے اسلام آباد میں ترکیہ سفارتخانے کے دورے کے موقع پر زلزلہ متاثرین کیلئے 48 کروڑ کا امدادی چیک ترکش سفیر کے حوالے کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے 47 کروڑ روپے زلزلہ متاثرین کیلئے دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے 1 کروڑ روپے اپنی جانب سے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیہ کیے جس پر ترکش سفیر نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ترکیہ سفارتخانے میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے شہدائے زلزلہ کیلئے دعا بھی کروائی۔
— Sardar Tanveer Ilyas Khan (@SardarTanveerIK) March 3, 2023
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، مشکل کی گھڑی میں کشمیری عوام اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، 2005ء کے زلزلے میں ترکیہ نے فراخدلی سے کشمیری عوام کی مدد کی تھی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ حالات بہت مشکل ہیں لیکن ترک قوم کا عزم مضبوط ہے، ترکیہ رجب طیب اردوان کی قیادت میں زلزلے کے بعد جلد مشکلات پر قابو پا لے گا۔