لاہور : (دنیا نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دعوی کیا ہے کہ انہیں قتل کرنے کا دوسرا منصوبہ بھی بنایا جا چکا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ہم نے آئین کو دیکھتے ہوئے اپنی حکومتیں قربان کیں، وکلاء نے بتایا کہ 90 دن سے آگے الیکشن جاہی نہیں سکتا ، عدلیہ کو اعتماد دلاتا ہوں کہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جن تین لوگوں کو نامزد کیا وہی مجھے قتل کرانے کی کوشش میں ملوث ہیں ، جے آئی ٹی رپورٹ میں ہے کہ ملزم نوید کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے وقت پانچ نامعلوم افراد عدالت میں موجود تھے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے ، شہباز شریف ، ڈرٹی پیری، رانا ثناءاللہ کے باعث کیس کو کور اپ کرنے کی طاقت ہے تینوں کو خوف ہے کہ عمران خان اقتدار میں نہ آجائے ۔
ان کاکہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے جس وقت فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس عدالت میں گئے دونوں فوری ختم ہوجائیں گے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج سے انتخابی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ، عمران خان آج انتخابی مہم کے حوالے سے اہم خطاب کریں گے ، عمران خان کا خطاب لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بڑی سکرینوں پر دکھایا جائے گا۔