مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست مسترد

Published On 06 March,2023 11:22 am

لاہور : (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے ایڈووکیٹ شاہد رانا کی جانب سے مریم نواز اور اعظم نذیر تارڑ کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی ،  درخواست گزار ایڈووکیٹ شاہد رانا نے مؤقف اختیار کیا کہ  مریم نواز نے سرگودھا میں تقریر کی اور یہ معاملہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ، مریم نواز نے چھ موقعوں پر توہین عدالت کی ہے ۔ 

درخواست گزار نے کہا کہ  یہ درخواست میں نے اپنی مشہوری کے لیے دائر نہیں کی ، مجھے مشہوری کی ضرورت بھی نہیں ہے، ہمیں توہین عدالت کے قانون پر عملدرآمد کروانا ہوگا۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت مریم نواز کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرے، پاکستان کوئی بنانا ری پبلک نہیں ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز، اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 بعد ازاں عدالت نے مریم نواز و دیگر کے خلاف توہین عدالت کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔