لاہور : (ویب ڈیسک ) سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ ان کا واٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے، گزشتہ روز سے وٹس ایپ ہیک ہے اور ابھی تک ریکور نہیں ہوا۔
سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے موبائل ڈیٹا کو توڑ مروڑ کر کسی خاص مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، وٹس ایپ ہیک کرنے والوں کو شرمندگی ہی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی میری مختلف ویڈیوز کو جوڑ کر ایک آڈیو بنائی گئی تھی، ایک چینل نے 6 گھنٹوں میں ہی ثابت کردیا تھا کہ وہ فیک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کی نجی زندگی میں مداخلت چوری کے زمرے میں آتا ہے، حالیہ ایک آڈیو سن کر میں نے بھی یقین کرلیا تھا کہ وہ اصلی ہے، جب رابطہ ہوا تو پتہ چلا کہ آڈیو فیک اور ٹیمپرڈ ہوئی تھی۔