لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے دیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کو برقرار رکھتے ہوئے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں عمران خان کے بیانات سپریم کورٹ کے جج کے بارے میں ہیں، ایسے میں درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں کیسے قابل سماعت ہیں؟۔
خیال رہے کہ رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض لگایا گیا تھا، رجسٹرار آفس نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔