کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ ہم سندھ قابض ڈاکو سے واپس لیکر رہیں گے، زندگی کا ایک ہی مشن زرداری مافیا کو الیکشن میں شکست دینی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، کل سندھ کے نامور ڈاکو آصف زرداری نے گفتگو فرمائی تھی کہ ہم حکومت کا حصہ لیکن پی ڈی ایم کا حصہ نہیں، بلاول زرداری کہہ چکے ہیں ساری رجیم چینج کی پلاننگ انہوں نے کی تھی، پیپلز پارٹی سہولت کار تھی اور آپ نے لوگوں کو پیسے دیئے، زرداری نے یہ بھی کہا عمران سے بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے مزید کہا کہ ہم کسی ڈاکو سے بات نہیں کرنے لگے، ڈاکو کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، بینڈیٹ کوئین اعلیٰ عدلیہ، اداروں کے خلاف غلط زبان استعمال کر رہی ہیں، سکھر میں ہمارے رہنما کو ڈرایا جا رہا ہے، لاڑکانہ میں ایڈز پھیل رہی ہے، سندھ واحد صوبہ جہاں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، سندھ میں تباہی کا ذمہ دار آصف زرداری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاگل خان نے ملک کا خانہ خراب کر دیا، غریب کی آواز اللہ سنے گا: آصف زرداری
انہوں نے کہا کہ 17 سے لیکر 22 مارچ تک ’’سندھ بچاؤتحریک‘‘ شروع ہو گی، سندھ سب سے پیچھے رہ گیا ہے، زرداری 16 سال سے خون چوس رہا ہے، سندھ کے ہر شہری کو مل کر زرداری مافیا کا مقابلہ کرنا ہوگا، گیلپ سروے کے مطابق سندھ میں بھی مقبول لیڈرعمران خان ہیں، زرداری گینگ وار میں بھی ملوث تھا، اس نے بلاول ہاؤس کے آس پاس کے سارے بنگلے خریدے۔
علی زیدی نے مزید کہا کہ اندرون سندھ لوگوں کی زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں، اگر ہم سب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے نہ ہوئے تو زرداری سب کچھ کھا جائے گا، غریب لوگوں کی ان کو کوئی فکر نہیں ہے، مظلوم سندھی تڑپ رہا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔