آصف زرداری سے نجات جمہوریت کی بقاء کیلئے ناگزیر ہے : علی حیدر زیدی

Published On 07 March,2023 03:28 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے نجات جمہوریت کی بقاء کیلئے ناگزیر ہے۔

سابق صدر کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ زرداری سیاست کو لاحق بیماری کا نام ہے جس سے نجات جمہوریت کی بقاء کیلئے ناگزیر ہے، حقیقی آزادی کی تحریک سے سب سے بڑا خطرہ زرداری کے ڈاکو راج کو لاحق ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنی سیاست کا مستقبل تاریک دیکھ کر امپورٹڈ سرکار کی ڈوبتی کشتی سے کودنے کی تیاریاں ہیں، اہلِ سندھ ڈاکو راج کا سب سے کلیدی اور بنیادی نشانہ ہیں، اس بے رحم گروہ نے سیلاب متاثرین کو اپنی سفاک سیاست کی بھینٹ چڑھانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

علی حیدر زیدی نے مزید کہا کہ عالمی پریس جس کے ڈاکوں کی داستانوں سے بھرا پڑا ہے وہ قوم کو سیاست پر لیکچر نہیں دے سکتا، ملک بھر کی طرح اہلِ سندھ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت پر یکسو ہیں اور جب بھی ملک میں انتخاب کا ڈول ڈالا جائے گا تو ملکی سیاست خصوصاً سندھ کو زرداری کے ناپاک راج سے نجات میسر آئے گی۔