لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ عمران خان انتخابی مہم کا آغاز بدھ کو دوپہر ایک بجے کریں گے، اس سلسلہ میں ان کے زیر قیادت ریلی نکالی جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ریلی زمان پارک سے شروع ہو کر فیروز پور روڈ سے داتا دربار جا کر اختتام پذیر ہو گی، عمران خان کے لیے بم، بلٹ پروف گاڑی کا بندوبست کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پیشی کےدوران کسی کو بلایا نہیں تھا تو انقلاب کا منظر تھا، اس دفعہ ہم لاہور کی ریلی میں کال دے رہے ہیں۔
حماد اظہر نے مزید کہا کہ عمران خان آج سیاسی "اسٹیٹس کو" سے ہاتھ ملا لیں تو انہیں کوئی خطرہ نہیں ہو گا، کل مولانا فضل الرحمان توالیکشن کا نام سن کر رو ہی پڑے تھے، آج رانا ثنا اللہ رو رہے تھے کہ الیکشن نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیمرا کی پابندی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی
انہوں نے کہا کہ اپنے چھوٹے سے مفاد کے لیے انہوں نے نیب، ایف آئی اے، پولیس کو تباہ کر دیا ہے، عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بدھ کے روز دوپہر ایک بجے زمان پارک سے شروع ہونے والی الیکشن ریلی پاکستان کی سب سے بڑی ریلی ہو گی۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی کرسی پر بیٹھنے والے سڑکوں کے درجہ حرارت دیکھ لیں، عمران خان کی آواز کو کوئی مائی کا لعل بند نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو معطل کرنے کا منصوبہ بنا ہے، میڈیا پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، صحافیوں پر جعلی مقدمات بنائے جا رہے ہیں، چینلز کے لائسنس منسوخ کرنے کا مطلب ڈرانے کی ترکیبیں ہیں، عمران خان کی آواز کو بند کرنا غیر آئینی و غیر قانونی ہے، جب ببر شیر بدھ کو نکلے گا تو تاریخی منظر ہو گا۔