الیکشن میں ہمارا مقابلہ پی ڈی ایم نہیں اپنے ہی رہنماؤں سے ہو گا: فواد چودھری

Published On 06 March,2023 11:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ جب بھی عمران خان مذکرات کی بات کرتے ہیں تو وہ سمجھتے ہیں ہم شائد کمزور ہو گئے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے اسمبلیاں توڑی اور استعفے اپنی حکمت عملی کے تحت دیئے، اس وقت عمران خان کے خلاف کل کیسز کی تعداد 75 ہو گئی ہے، جن احتجاج میں عمران خان موجود نہیں وہاں پر بھی دہشت گردی کے مقدمات درج کر دیئے، توہین مذہب، دہشت گردی کے مقدمات درج کیے گئے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ کسی حکومت نے اس طرح دہشت گردی کے مقدمات بھی درج نہیں کیے تھے، اتنی بڑی تحریک شروع کرنے کیلئے ہم اسمبلیوں سے باہر آئے، کوئی بھی سیاسی جماعت پہلے ایسی تحریک شروع نہیں کر سکی، ہم نے اجتماعی استعفے دیئے تھے، ایک تجویز یہ ہے قومی الیکشن کرائے جائیں، جب نظام کے خلاف کھڑے ہوتے ہیں تو قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں دہشتگردی دوبارہ آگئی، حکومت عمران کی گرفتاری کے پیچھے ہے، فواد چودھری

فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن میں ہمارا مقابلہ پی ڈی ایم، (ن) لیگ سے نہیں ہو گا، الیکشن میں ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی رہنماؤں سے ہی ہو گا جن کو ٹکٹ نہیں ملا ہوگا، عمران خان نے مذاکرات کی آفر کی تو انہیں گرفتار کرنے آ گئے، صدر مملکت کی عمران خان سے ملاقات کی تفصیلات کا علم نہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ آئین کی محافظ سپریم کورٹ ہے، سپریم کورٹ نے ہی اپنے فیصلے پر عملدرآمد کرانا ہے، اگر سپریم کورٹ کا حکم نہیں مانا جائے گا تو سب پر آرٹیکل 6 لگے گا، یہ فیصلہ اب نگران وزیر اعلیٰ اور گورنر خیبرپختونخوا نے کرنا ہے، انہوں نے فیصلہ کرنا ہے آرٹیکل 6 لگوانا ہے یا آئین پرعمل کرنا ہے۔
 

Advertisement