صوبوں میں انتخابات، قومی وطن پارٹی کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار

Published On 07 March,2023 05:50 pm

پشاور: (دنیا نیوز) حکومتی اتحادی جماعت قومی وطن پارٹی نے بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

قومی وطن پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، نیکٹا کو فعال، سی ٹی ڈی کے پی کو متحرک کرنے کا مطالبہ کیا گیا، اس کے علاوہ وفاقی حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی تجویز بھی دی گئی جبکہ سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب شیر پاؤ جلد وزیراعظم شہباز سے ملاقات کریں گے۔

قومی وطن پارٹی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم الیکشن کے حامی لیکن البتہ حالیہ فیصلے پر تحفظات ہیں، لارجر بنچ کے فیصلے پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ججز بھی معترض ہیں، سپریم کورٹ کا فل کورٹ فیصلہ کرتا تو سب کو تسلیم ہوتا۔

سی ای سی اجلاس میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ مہنگائی نے متوسط طبقے سمیت غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے اس حوالے سے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے، عام آدمی کی قوت خرید متاثر، کاروباری سرگرمیوں میں کمی پر تشویش ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغان حکومت کے اشتراک سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔