نگران وزیر اعلیٰ نے ہنگامہ آرائی میں ہلاکت کا نوٹس لے لیا، تحقیقات کا حکم

Published On 08 March,2023 10:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے ہنگامہ آرائی میں مبینہ طور پر ہلاکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ترجمان حکومت پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کی مکمل غیر جانبدرانہ اور حقائق وشواہد پر مبنی انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے، جو بھی ملوث پایا جائے قانون کے تحت انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، پی ٹی آئی کی طرف سے دکھائی جانے والی وڈیوز آج کی نہیں بلکہ پرانی اور جیل بھرو تحریک کی ہیں، دانستہ جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے کہ یہ شخص پولیس حراست میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس کی شدید شیلنگ اور تشدد سے پی ٹی آئی کا کارکن شہید

ترجمان نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے انکشاف ہوا کہ جاں بحق شخص کو ایک پرائیویٹ گاڑی سروسز ہسپتال چھوڑ کر گئی، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے اس گاڑی اور اس کے سواروں کی تلاش جاری ہے تاکہ سچائی سامنے آئے، پوسٹ مارٹم، سیف سٹی رپورٹ کے بعد درست حقائق کا تعین ممکن ہو گا، پی ٹی آئی کے کارکنوں کے تشدد سے آج 11 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، کارکنوں نے شدید پتھراؤ کیا اور ڈنڈے برسائے۔
 

Advertisement