لاہور میں ہنگامہ آرائی اور پرتشددواقعات، عمران خان پر مقدمہ درج

Published On 09 March,2023 09:31 am

لاہور : (دنیا نیوز )صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر مقدمہ ڈی ایس پی رائیونڈ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ، ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسلح افراد سمیت تین، چار سو افراد پر مشتمل جتھے نے ہنگامہ آرائی کی، جھتے قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی ورکر کی مبینہ ہلاکت: پولیس کی 2 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل

متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن عمران خان ، حسان نیازی ، فرخ حبیب ، فواد چوہدری، حماد اظہر ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری وغیرہ کے کہنے پر اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے، مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے برسائے ۔

یہ بھی پڑھیں :پولیس کی شدید شیلنگ اور تشدد سے پی ٹی آئی کا کارکن شہید

ایف آئی آر متن کے مطابق پولیس پر پتھراؤ اور ڈنڈے مارنے سے 13 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے جبکہ کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے انکے اپنے چھ کارکن بھی زخمی ہوئے ، زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے سروسز ہسپتال لایا گیا جہاں پی ٹی آئی کے کارکن بھی زیر علاج تھے اور انہی زیر علاج زخمیوں میں علی بلال بھی دم توڑ گیا۔

یہ بھی پڑھیں :نگران وزیر اعلیٰ نے ہنگامہ آرائی میں ہلاکت کا نوٹس لے لیا، تحقیقات کا حکم

خیال رہےکہ گزشتہ روز تحریک انصاف نے آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنےکا اعلان کیا تھا، صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی جس کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے37 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔