زمان پارک ہنگامہ آرائی، ڈی ایس پی رائیونڈ نے عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا

Published On 09 March,2023 06:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات کا مقدمہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف درج کر لیا گیا۔

مقدمہ ڈی ایس پی رائیونڈ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 3، 4 سو پر مشتمل جھتے جس میں مسلح افراد بھی موجود تھے، جھتے قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دے رہے تھے، پی ٹی آئی کارکن عمران خان، حسان نیازی، فرخ حبیب ، فواد چودھری، حماد اظہر، محمود الرشید اور اعجاز چودھری وغیرہ کے کہنے پر اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ کی عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے برسائے، پولیس پر پتھراؤ اور ڈنڈے مارنے سے 13 پولیس افسر اور اہلکار زخمی ہوئے، کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے ان کے اپنے 6 کارکن بھی زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال لایا گیا جہاں پی ٹی آئی کے کارکن بھی زیر علاج تھے انہی میں سے علی بلال بھی دم توڑ گیا۔
 

Advertisement