لاہور: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو پیر کو لاہور میں مشروط طور پر ریلی نکالنے کی اجازت دے دی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے تحریک انصاف کو ریلی نکالنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد ریلی کی اجازت دی گئی، ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو پابندی کیا ہے کہ ریلی میں عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی، سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کیساتھ بھی مکمل تعاون کریں گے، ریلی کی صورت میں پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق قانون کی پاسداری کی جائے گی، پارٹی رضا کار انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے آج لاہور میں ہونے والی ریلی کل تک کیلئے ملتوی کردی
ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہو گی، کارکن اور تمام متعلقہ افراد ڈنڈے یا اس سے متعلقہ کوئی چیز ساتھ نہیں لا سکیں گے، ریلی کے دوران کسی کے جذبات احساسات مجروح نہیں ہوں گے، ریلی کیلئے کسی جگہ کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، روٹ پر بھی کسی طرح کی وال چاکنگ نہیں ہوگی۔
علاوہ ازیں لاہور انتظامیہ کی جانب سے ریلی کے روٹ میں آنے والے تمام سکولز اور کالجز کو دوپہر12 بجے چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ گڑھی شاہو، چوک بوہڑ والا، ریلوے سٹیشن، سرکلر روڈ، دو موریا پل، دلی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، لاہوری گیٹ، اردو بازار، بھاٹی گیٹ، اور ریلی روٹ کی حدود میں سکولز بارہ بجے بند ہوں گے جبکہ ریلی کے باعث سرکلر بازار کے روٹ پر 2 بجے کے بعد دکانیں بھی بند ہوں گی۔
واضح رہے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اتوار کو انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد لاہور کی انتظامیہ حرکت میں آئی اور شہر میں دفعہ 144 لگا کر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے ساتھ ساتھ رینجرز کو بھی طلب کر لیا تھا۔