کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ارسلان تاج کی گرفتاری ظاہر کر دی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی سی کیماڑی کے دفتر پر کچھ عرصہ قبل حملے کا واقعہ پیش آیا ارسلان تاج کو اس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، سائٹ کے علاقے میں قائم ڈی سی کیماڑی کے دفتر پر ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا۔
واضح رہے کراچی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج کو اتوار کی صبح ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا، ارسلان تاج کو سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ایم پی اے ارسلان تاج کی رہائی کا مطالبہ
ان کی گرفتاری کے حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ارسلان تاج کے گھر 3 پولیس کی گاڑیاں آئیں جس میں سادہ لباس کپڑوں میں پولیس اہلکار تھے وہ گھر میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔
ارسلان تاج کی والدہ نے بیان میں کہا تھا کہ صبح 6 بجے کے قریب پولیس والے آئے اور ارسلان کو کہاں لے کر گئے ہیں کچھ نہیں پتا، پولیس والوں نے چادر اور چاردیواری کا خیال نہیں کیا اور بغیر وارنٹ کے ہمارے گھر میں چھاپہ مارا اور ان کے ساتھ کوئی خاتون اہلکار بھی نہیں تھی۔