لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال عرف ظلِ شاہ کی ماں نے بیٹے کی حفاظت میں ناکامی کا ذمہ دار تحریک انصاف کو قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ظلِ شاہ کی والدہ نے کہا کہ ان کے بیٹے کو سازش سے قتل کیا گیا، یہ تحریک انصاف والوں نے کیا ہے، جب سے عمران خان کو گولی لگی ظلِ شاہ ہر وقت زمان پارک میں بیٹھا رہتا تھا، کہتا تھا عمران خان میرے ووٹ سے وزیراعظم بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ ظلِ شاہ عمران خان کی حفاظت کر رہا تھا مگر میرے بیٹے کی حفاظت نہیں کی گئی، یاسمین راشد ہمیں فون کرنے کے بجائے ظلِ شاہ کو ہسپتال کیوں نہیں لے گئیں، عمران خان سے کہتی ہوں کہ تمہاری بڑی مہربانی، مجھے میرا بیٹا واپس دے دو ۔
دوسری جانب ظلِ شاہ کے والد نے پولیس کی تحقیقات پر اعتماد کا اظہار کیا، بیٹے کی موت کے خلاف مقدمے کی درخواست میں نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور آئی جی کے خلاف الزامات سے دستبردار ہوگئے۔
واضح رہے کہ لاہور میں پولیس نے علی بلال عرف ظلِ شاہ کی موت کو ٹریفک حادثہ قرار دے کر عمران خان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا، مقدمے میں ٹریفک حادثہ، قتل بالسبب اور ثبوت و حقائق کو چھپانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔