اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لیکر آج پولیس کی کوئی ٹیم لاہور نہیں گئی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ لاہور میں پہلے سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار موجود ہیں، ٹیم بھیجنے کا فیصلہ افسران مشاورت سے کریں گے، اسلام آباد پولیس قانون کے مطابق مشاورت کے بعد عمران خان کے خلاف کارروائی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون جج کو دھمکی کا کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
واضح رہے آج صبح سے خبر زیر گردش ہے کہ خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور پہنچ گئی ہے، خبر میں یہ بھی کہا گیا کہ پولیس کی ٹیم خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور پہنچی۔