کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان حکومت کو 2 ماہ کے بعد قومی توانائی پالیسی پر عملدرآمد کرانا یاد آگیا، کوئٹہ کے تمام شادی ہالز اور ریسٹورنٹ رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمٰن بلوچ کی زیر صدارت قومی توانائی پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری توانائی بشیر باذئی،چیمبر آف کامرس اور مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی توانائی پالیسی اور توانائی بحران کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے جس کے مطابق شہر کے تمام شادی ہالز اور ریسٹورنٹ رات 10 بجے بند کر دیئے جائیں گے جبکہ مرکزی کاروباری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ شہر کے دیگر نواحی علاقوں میں ساڑھے 8 بجے کاروبار بند کر دیئے جائیں گے، شادی ہالز اور ریسٹورنٹ کو پابند بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پہلے مرحلے میں نوٹس جاری کرے گی۔