کوئٹہ: (دنیا نیوز) دودھ، دہی مہنگافروخت کرنے والوں کے خلا ف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے انتظامیہ نے 53 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت اور عوامی شکایات پر انتظامیہ نے مہنگے داموں دودھ فروخت کرنے اور خود ساختہ قیمت مقرر کرنے پر کارروائی کی، کارروائی کے دوران 53 افراد کو گرفتار کر کے ایک ماہ کے لیے جیل بھجوا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کا محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار
ڈی سی شہک بلوچ نے بتایا کہ گرفتارافراد میں 16 ڈیری فارمز مالکان اور 37 دکاندار شامل ہیں، دودھ فروشوں کی جانب سے فی لٹر 200 روپے مقرر کرنا انتظامی رٹ چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی ایسوسی ایشن کو از خود سرکاری نرخنامہ مقرر کرنے کی اجازت نہیں، ڈیری فارمرز اور دکانداروں نے ملی بھگت کر کے از خود نرخنامہ 200 روپے فی لٹر مقرر کیا، گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں گے۔