صوبائی الیکشن: آخری روز لاہور سے 1175 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے

Published On 16 March,2023 10:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز لاہور سے پنجاب اسمبلی کے 30 حلقوں کے لیے 1 ہزار 175 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

لاہور کے 30 صوبائی حلقوں کے لئے 2 ہزار 149 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 22 مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔

کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف 27 مارچ تک اپیلیں دائر کی جاسکیں گی، ایپلٹ ٹربیونل 3 اپریل تک اپیلوں کے فیصلے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی انتخابات: مریم نواز کے 3 حلقوں سے کاغذاتِ نامزدگی جمع

امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 4 اپریل کو جاری کی جائے گی، 5 اپریل تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، 5 اپریل کو ہی امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔

6 اپریل کو مدمقابل امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے، 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستوں کے لیے پولنگ ہو گی۔

Advertisement