اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے رضاکارانہ پیشی کا عمران خان کا بیان حلفی تسلیم کرکے پولیس کو عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے عمران خان کو کل عدالتی وقت کے دوران ٹرائل کورٹ میں پیشی کا حکم دیدیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسا نہ ہو کل شام 6 بجے عدالت پہنچیں، یہ بھی کہا کہ عمران خان کو یقینی بنانا ہو گا کل ان کی پیشی پر امن و امان کی صورتحال نہ بنے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وارنٹ کا مقصد صرف عدالت کے سامنے پیشی ہی ہے، انڈرٹیکنگ کا مطلب عدالت کے سامنے ایک بیان ہے، بیان سے انحراف توہین عدالت کے مترادف ہو گا۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کو خطرات کی انفارمیشن حکومت کے پاس ہے، کسی پرانگلی نہیں اٹھاتا مگرعمران خان کے پاس بھی انفارمیشن ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کل عدالت میں پیش ہوں گے اس میں کوئی شبہ نہیں۔