لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری سے ملاقات ہوئی ہے، ہمارے معاملات طے پا چکے ہیں، آج عدالت میں پیش کرینگے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل نہیں ہو رہی، شہباز شریف اس ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، پٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کر دی ہے، لوگ بچوں کو پیدل سکول چھوڑنے جاتے ہیں کیونکہ پٹرول ڈلوانے کے پیسے نہیں، لیکن حکومت دن رات عمران خان کے پیچھے لگی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ لاہور میں آج امن لاہور ہائیکورٹ کی وجہ سے ہے، جسٹس طارق سلیم شیخ کو اسکا تمام کریڈٹ جاتا ہے، عدالتی حکم پر رات کو ہماری ملاقات ہوئی، آج جو حل تلاش کیا عدالت میں بتائیں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری سے ملاقات ہوئی ہے، ہمارے معاملات طے پا چکے ہیں ، پنجاب پولیس عمران خان کو سکیورٹی دینے کے لیے تیار ہے۔