اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جو رعایت عمران خان کیلئے ہے کسی اور ملزم کو میسر نہیں، عمران خان جب مرضی عدالت آئیں یہ ان کی مرضی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان جتھا لے کر اندر گھس جائے، وہ گاڑی پر یا پیدل آئے یہ اس کی مرضی ہے، جب انصاف کا معیار مختلف ہوگا تو قانون کی حکمرانی کیسے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس رعایت سے بڑی کوئی ناانصافی نہیں ہوسکتی، ایک شخص فرد جرم میں مطلوب ہے، اس نے لاہور کا امن تباہ کیا، لاہور میں بدامنی پھیلائی، پٹرول بم سے حملے کروائے، وہاں اسلحہ اور دہشتگرد تنظیموں کے لوگ موجود تھے، عمران خان کسی تاریخ پر عدالت نہیں آیا، یہ صرف اس لیے ہو رہا ہے کہ توشہ خانہ کا جواب نا دینا پڑے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کسی کو گرفتار کرنا بہت آسان ہے لیکن اگر کوئی جانی نقصان ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا، ہم تو عمران خان کو کان سے پکڑ کے آدھے گھنٹے میں باہر نکال سکتے ہیں، شہریوں کی جانیں قیمتی ہیں ہم کسی قسم کا تشدد نہیں چاہتے، احتیاط برتی ہے اور احتیاط برتی جانی چاہیے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ طاقتور کیلئے قانون اور ہے، کمزور کیلئے اور، ہم نے فرد جرم بھی لگوائیں، مقدمات بھی بھگتے، نواز شریف پر روزانہ کی بناد پر نیب میں مقدمہ چلایا گیا، پاکستان کی تاریخ میں کوئی مقدمہ نہیں جو روزانہ کی بنیاد پر چلا ہو، 6 سال لگے فارن فنڈنگ کیس کو کیونکہ سٹے آرڈرز لیے گئے۔