اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وطن کی عزت و حرمت پر قربان ہوگئے، قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں شہید مصطفیٰ کمال برکی کے اہل خانہ سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہدا نے اپنے لہو سے شجاعت کی ناقابل فراموش تاریخ لکھی ہے ، وطن عزیز کے دفاع ، سلامتی اور بقا کے لئے افواج پاکستان سمیت تمام اداروں کی جدوجہد کو سلام ہے، افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے، آمین۔
وزیر اعظم نے دہشت گردوں سے جھڑپ میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی اور دہشت گردوں سے بھرپور لڑائی پر جوانوں کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔
یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید جبکہ 7 سپاہی زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بریگیڈئیر مصطفیٰ برکی کا تعلق انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) سے تھا۔